حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی مانگ لی Home / سیاست /

آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی مانگ لی

ایڈیٹر - 02/08/2026
آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی مانگ لی

ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے مختلف انتخابی حلقوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، پولنگ کے عمل میں رکاوٹوں اور انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری مداخلت اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متعدد حلقوں میں پولنگ کا عمل مختلف وجوہات کی بنا پر متاثر ہوا، جس سے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ تمام شکایات کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

درخواست کے مطابق حلقہ ایل اے 28 میں درجنوں پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملہ بروقت نہ پہنچنے کے باعث ووٹنگ مقررہ وقت پر شروع نہ ہو سکی، جبکہ کئی یونین کونسلوں میں ووٹرز طویل انتظار کے باوجود اپنا حقِ رائے دہی استعمال نہ کر سکے۔ پارٹی نے اس صورتحال کے پیش نظر متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

پیپلز پارٹی نے حلقہ ایل اے 30 میں ایک پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ باکس کو پولنگ اسٹیشن سے باہر منتقل کرکے مبینہ طور پر بیلٹ اسٹفنگ کیے جانے کا الزام بھی عائد کیا اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اسی طرح حلقہ ایل اے 31 میں ایک اہم شاہراہ بند ہونے کے باعث متعدد گاڑیوں میں سوار ووٹرز کے پولنگ اسٹیشنوں تک نہ پہنچنے کی شکایت کی گئی، جس پر پارٹی نے راستہ فوری کھلوانے اور پولنگ کے اوقات میں توسیع کی درخواست دی۔

حلقہ ایل اے 32 کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ بعض پولنگ اسٹیشنوں پر اس کے پولنگ ایجنٹس کو اندر بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ ایک پولنگ اسٹیشن پر مبینہ بیلٹ اسٹفنگ اور ایک سرکاری ملازم کے مخالف جماعت کے پولنگ ایجنٹ کے طور پر فرائض انجام دینے کی شکایت بھی درج کرائی گئی۔

پارٹی نے حلقہ ایل اے 34 میں بھی اپنے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنوں میں داخلے سے روکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق پولنگ ایجنٹ کے لیے مقامی رہائشی ہونا لازمی شرط نہیں، اس لیے اس بنیاد پر داخلہ روکنا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام شکایات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے، انتخابی عمل کی شفافیت یقینی بنائی جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں قانونی تقاضوں کے مطابق مناسب اقدامات کیے جائیں۔