حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
راولاکوٹ دھرنا: امیر مقام کی مذاکرات کی پیشکش، "محبِ وطن لوگ منفی عناصر سے الگ ہو جائیں" Home / سیاست /

راولاکوٹ دھرنا: امیر مقام کی مذاکرات کی پیشکش، "محبِ وطن لوگ منفی عناصر سے الگ ہو جائیں"

ایڈیٹر - 02/08/2026
راولاکوٹ دھرنا: امیر مقام کی مذاکرات کی پیشکش،

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں جاری دھرنے کے شرکا کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات کا حل صرف بات چیت سے ہی ممکن ہے۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ راولاکوٹ کے عوام محبِ وطن کشمیری ہیں اور ان کی اکثریت پاکستان سے محبت کرنے والے افراد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں شامل تمام افراد کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا، اس لیے جو لوگ ملک دشمن عناصر کے عزائم سے متفق نہیں، وہ خود کو ان سے الگ کریں اور مذاکرات کی میز پر آئیں۔

وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی خواہاں ہے اور تمام جائز تحفظات کو سنا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو تصادم کے بجائے افہام و تفہیم کے ذریعے ختم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان کے حوالے سے کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے حکومت یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسی تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔

امیر مقام نے مزید کہا کہ قومی مفادات کے اہم مواقع پر راولاکوٹ کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ موجودہ صورتحال میں بھی ذمہ داری اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔