حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بارشوں کا نیا سلسلہ، کن شہروں میں موسلادھار بارش اور کہاں گرمی برقرار رہے گی؟ Home / ماحولیات /

بارشوں کا نیا سلسلہ، کن شہروں میں موسلادھار بارش اور کہاں گرمی برقرار رہے گی؟

ایڈیٹر - 02/08/2026
بارشوں کا نیا سلسلہ، کن شہروں میں موسلادھار بارش اور کہاں گرمی برقرار رہے گی؟

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال ایک بار پھر تبدیل ہونے لگی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعدد شہروں میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہنے اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں ہونے والی بارش نے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ہزارہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ملاکنڈ سمیت مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح چترال میں 21، دیر میں 20، مالم جبہ میں 22، سیدو شریف میں 25، بنوں میں 32، ڈیرہ اسماعیل خان میں 33 اور ایبٹ آباد میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 5 اگست تک بارشوں کے سلسلے کے پیش نظر الرٹ برقرار رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز سمیت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، جھل مگسی، سبی، لورالائی، آواران، لسبیلہ اور خضدار سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38، قلات میں 33، زیارت میں 26 اور ژوب میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ سبی میں 43، تربت میں 41، نوکنڈی میں 44، چمن میں 39 اور ساحلی شہروں گوادر اور جیوانی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔