ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے واضح کیا ہے کہ انہیں کسی عہدے یا اختیار کی خواہش نہیں، بلکہ وہ صرف پاکستان کرکٹ کی ترقی اور مضبوطی کے لیے مؤثر انداز میں کام کرنے کا موقع چاہتے ہیں۔
کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں یونس خان اکیڈمی کی افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر انہیں مستقبل میں کوئی ذمہ داری سونپی جائے تو ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ آزادانہ انداز میں فیصلے کر سکیں اور ان کے اختیارات غیر ضروری پابندیوں کا شکار نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ایسی خودمختار ٹیم تشکیل دی جائے جو ملک میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان صلاحیتوں کی سرپرستی اور کھیل کے معیار کو بلند کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔
یونس خان نے بتایا کہ نئی اکیڈمی کے ذریعے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ مستقبل میں پاکستان کو اعلیٰ معیار کے کرکٹرز میسر آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک اور قوم کا نام روشن کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، لیکن ان کی عملی زندگی کراچی میں گزری، جہاں انہوں نے سخت حالات میں کرکٹ سیکھی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں وہ کرکٹ کھیلنے کے لیے بسوں کی چھتوں پر سفر کرتے تھے، جبکہ سابق کپتان راشد لطیف کی رہنمائی اور بے لوث تعاون نے ان کے کیریئر کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں اور سچ کا ساتھ دیا ہے اور کبھی ذاتی مفادات یا جوڑ توڑ کی سیاست پر یقین نہیں رکھا۔ انہوں نے کراچی میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس شہر کے نوجوانوں کو مناسب مواقع ملیں تو وہ مستقبل میں پاکستان کی بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں۔