حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ۔جماعت اسلامی کا 7 اگست کو چکدرہ موٹر وے بند کرنے کا اعلان Home / باجوڑ /

باجوڑ۔جماعت اسلامی کا 7 اگست کو چکدرہ موٹر وے بند کرنے کا اعلان

ایڈیٹر - 01/08/2026
باجوڑ۔جماعت اسلامی کا 7 اگست کو چکدرہ موٹر وے بند کرنے کا اعلان

 باجوڑ۔پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا 7 اگست کو چکدرہ موٹر وے بند کرنے کا اعلان۔
پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ صاحبزادہ ہارون رشید 
تفصیلات کے مطابق  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف جماعت اسلامی باجوڑ نے 7 اگست کو شام 4 بجے سے چکدرہ موٹر وے مکمل بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی باجوڑ صاحبزادہ ہارون رشید نے پارٹی قائدین حاجی سردار خان، جنرل سیکرٹری حبیب اللہ اور دیگر کارکنان کے ہمراہ باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے مرکزی امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر چکدرہ موٹروے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جس کے خلاف ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر چکدرہ موٹروے بند کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ احتجاجی دھرنے میں پورے ملاکنڈ ڈویژن سے ہزاروں کارکن قافلوں کی صورت میں شریک ہوں گے، جبکہ سول سوسائٹی، وکلاء صحافیوں اور مختلف تنظیموں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی دھرنے کی قیادت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر عنایت اللہ خان کریں گے۔ پارٹی قائدین نے قبائلی اضلاع میں بدامنی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی ارباب اقتدار سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔