حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ارشد ندیم کا اگلا ہدف سونے کا تمغہ، شاندار انداز میں فائنل میں جگہ بنا لی Home / کھیل /

ارشد ندیم کا اگلا ہدف سونے کا تمغہ، شاندار انداز میں فائنل میں جگہ بنا لی

ایڈیٹر - 31/07/2026
ارشد ندیم کا اگلا ہدف سونے کا تمغہ، شاندار انداز میں فائنل میں جگہ بنا لی

ویب ڈیسک: کامن ویلتھ کھیلوں میں پاکستان کے مایہ ناز نیزہ پھینک ایتھلیٹ ارشد ندیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیولن تھرو کے فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جس کے بعد سونے کے تمغے کے لیے قومی امیدیں مزید مضبوط ہو گئی ہیں۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والے کوالیفائنگ مرحلے میں 18 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جہاں اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے مجموعی طور پر ساتویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فیصلہ کن مرحلے میں جگہ بنائی۔

ارشد ندیم نے اپنی پہلی کوشش میں 78.63 میٹر دور نیزہ پھینک کر بہترین کارکردگی دکھائی، جبکہ دوسری کوشش فاؤل قرار پائی۔ تیسری باری میں انہوں نے 75.65 میٹر کی تھرو کی اور کامیابی کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

دوسری جانب بھارت کے معروف ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 79.61 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی اور فائنل میں رسائی یقینی بنائی۔ انہوں نے پہلی کوشش میں 76.28 میٹر اور دوسری کوشش میں 79.61 میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

اب شائقینِ کھیل کی نظریں جیولن تھرو کے فائنل مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں ارشد ندیم ایک بار پھر پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔