حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ: جے یو آئی کے جلسہ دھماکے کے شہداء کو خراجِ عقیدت، امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ Home / باجوڑ /

باجوڑ: جے یو آئی کے جلسہ دھماکے کے شہداء کو خراجِ عقیدت، امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ

ایڈیٹر - 30/07/2026
باجوڑ: جے یو آئی کے جلسہ دھماکے کے شہداء کو خراجِ عقیدت، امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ

باجوڑ: ضلع باجوڑ میں 30 جولائی 2023 کو جمعیت علمائے اسلام کے جلسے پر ہونے والے المناک دھماکے کے شہداء کی یاد میں آج جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام ایک تعزیتی و یادگاری تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا محمد طارق، سابق سینیٹر مولانا عبدالرشید، جماعت اسلامی کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ ہارون الرشید، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی سید اخونزادہ چٹان، پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع باجوڑ کے صدر ملک گل کریم خان، مولانا ذاکر اللہ، سابق تحصیل ناظم سید بادشاہ، آر زیڈ کے کے وائس چیئرمین میاں حبیب گل اور ملک ایاز نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں سانحۂ باجوڑ کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے ضلع باجوڑ میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بدامنی کے خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فوری، مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔