ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے فارم 47 سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فارم 47 کے معاملے کو بنیاد بنایا جا رہا ہے تو اس کا اطلاق تمام متعلقہ آئینی و سیاسی عہدوں پر یکساں ہونا چاہیے۔
اپنے بیان میں اختیار ولی نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری واقعی فارم 47 پر اعتراض رکھتے ہیں تو پھر اس بحث کا آغاز ایوانِ صدر سے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مؤقف پہلے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اختیار کیا جاتا رہا ہے، اس لیے اب اس بیانیے کو اپنانے والوں کو بھی اس کے تمام نتائج قبول کرنے چاہییں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر فارم 47 کی بنیاد پر سیاسی اور آئینی عہدوں پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں تو پھر ایوانِ صدر کے ساتھ ساتھ ڈپٹی اسپیکر، چیئرمین سینیٹ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر خیبر پختونخوا سمیت دیگر متعلقہ عہدیداروں کو بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہونا چاہیے۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں ایک ہی معاملے پر مختلف شخصیات کے لیے الگ الگ معیار اختیار نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اگر کسی اصول کو تسلیم کیا جائے تو اس پر سب کے لیے یکساں عمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات میں بیانات دیتے وقت ذمہ داری اور تسلسل کو ملحوظِ خاطر رکھنا ضروری ہے تاکہ عوام میں مزید ابہام پیدا نہ ہو۔