ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں حالات کے مطابق پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ توقعات پر پوری نہیں اتری، خاص طور پر دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر دباؤ کا شکار رہی، جس کے باعث میچ ہاتھ سے نکل گیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں پاکستان کے پاس برتری حاصل کرنے کا اچھا موقع موجود تھا، تاہم بیٹرز اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام الحق عمدہ انداز میں کھیل رہے تھے، اگر وہ مزید تحمل کا مظاہرہ کرتے تو ٹیم کو قیمتی برتری مل سکتی تھی۔
ہیڈ کوچ نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں آٹھویں وکٹ کی اہم شراکت داری کو بھی شکست کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر حریف ٹیم کو اتنے رنز بنانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی، کیونکہ وکٹ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار تھی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے پچ کا درست اندازہ لگاتے ہوئے پانچ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم کھلاڑی اپنی منصوبہ بندی پر مکمل عمل درآمد نہ کر سکے۔ اس کے باوجود انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم اگلے ٹیسٹ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز میں بھرپور واپسی کرے گی۔
سرفراز احمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق کو بھی موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ آٹھ بیٹرز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔