حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
قبائلی اضلاع کے عوام ٹیکس کے خلاف ڈٹ گئے ، لنڈی کوتل میں مکمل شٹر ڈاؤن Home / قبائلی اضلاع /

قبائلی اضلاع کے عوام ٹیکس کے خلاف ڈٹ گئے ، لنڈی کوتل میں مکمل شٹر ڈاؤن

ایڈیٹر - 29/07/2026
قبائلی اضلاع کے عوام ٹیکس کے خلاف ڈٹ گئے ، لنڈی کوتل میں مکمل شٹر ڈاؤن

ویب ڈیسک: قبائلی اضلاع میں وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، جس کے تحت لنڈی کوتل میں تاجروں نے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کرتے ہوئے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں۔

ہڑتال کے باعث مرکزی بازار اور تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے، جبکہ تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں نئے ٹیکسوں کے نفاذ کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کی معیشت پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ ان کے مطابق طورخم سرحد پر تجارتی رکاوٹوں اور کاروباری سست روی نے تاجروں کو مالی بحران میں مبتلا کر رکھا ہے، ایسے حالات میں نئے ٹیکس عائد کرنا کاروباری طبقے پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔

تاجر رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ موجودہ ٹیکس پالیسی کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور مطالبہ کیا کہ حکومت قبائلی علاقوں کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کرے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور آئندہ کے لائحۂ عمل کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ قبائلی اضلاع میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔ لنڈی کوتل کے علاوہ ملاکنڈ ڈویژن میں بھی تاجر تنظیمیں اس فیصلے کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں اور وفاقی حکومت سے ٹیکسوں کے نفاذ کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔