ویب ڈیسک: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کو متنازع بنا کر کشمیری عوام کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔
لاہور میں اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں موجودہ سیاسی نظام کا حصہ ہیں اور ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات عائد کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر آزاد کشمیر میں انتخابات شفاف، آزاد اور غیر جانبدارانہ انداز میں نہ ہوئے تو اس کے منفی اثرات خطے کی سیاسی صورتحال پر مرتب ہوں گے اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بامعنی مذاکرات ہی مسئلے کا مؤثر حل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تصادم کے بجائے مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ حالات میں بھی تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور فریقین کے درمیان مفاہمت کی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ خطے میں سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔