حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ خار بازار میں کروڑوں روپے لاگت سے نصب سٹریٹ لائٹس ناکارہ Home / پاکستان /

باجوڑ خار بازار میں کروڑوں روپے لاگت سے نصب سٹریٹ لائٹس ناکارہ

صاحبزادہ محمد عباس

باجوڑ خار بازار میں کروڑوں روپے لاگت سے نصب سٹریٹ لائٹس ناکارہ

 باجوڑ کے مرکزی شہر خار بازار میں نصب سٹریٹ لائٹس گزشتہ کئی سالوں سے ناکارہ پڑی ہیں، جس کے باعث نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ علاقے میں چوری اور دیگر جرائم میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ تجارتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق خار بازار میں موجود متعدد سٹریٹ لائٹس یا تو مکمل طور پر ٹوٹ چکی ہیں یا اُن کی بیٹریاں چوری ہو چکی ہیں۔ شام ہوتے ہی پورا بازار تاریکی میں ڈوب جاتا ہے، جس سے راہگیروں، خریداروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ اندھیرے کے باعث خریداروں کی آمد میں واضح کمی آئی ہے، جس سے کاروباری طبقہ مالی نقصان کا شکار ہو رہا ہے۔ دوسری جانب، شہریوں نے شکایت کی ہے کہ سٹریٹ لائٹس کی خرابی نے چوروں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ یاد رہے کہ کچھ دن پہلے کئی دکانیں چوروں کی نظر ہوئیں، جس سے لاکھوں کے موبائل فونز چوری ہوئے۔ اس کے ساتھ علاقے میں دیگر وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ سٹریٹ لائٹس 2012 میں ایک ترقیاتی منصوبے کے تحت نصب کی گئی تھیں، تاہم تاحال نہ تو ان کی دیکھ بھال کی گئی اور نہ ہی متعلقہ اداروں نے ان کی بحالی کے لیے کوئی عملی قدم اٹھایا ہے۔ باجوڑ خار بازار کے صدر واجد علی شاہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو درخواستیں دی گئیں، مگر اب تک صرف درخواست کو درخواست ہی سمجھا گیا ہے۔ اب اس کے لیے ڈی سی باجوڑ سے خصوصی میٹنگز ہوئی ہیں اور بہت جلد نئی لائٹس لگائی جائیں گی۔

علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے اور دیگر ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر خار بازار میں سٹریٹ لائٹس کی بحالی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور بازار کی رونق دوبارہ بحال ہو۔