حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی مراعات اور اختیارات میں لامحدود اضافہ Home / سیاست /

خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی مراعات اور اختیارات میں لامحدود اضافہ

ایڈیٹر - 28/07/2026
خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی مراعات اور اختیارات میں لامحدود اضافہ

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے حیران کن اور غیر معمولی مراعات اور اختیارات کی تفصیلی دستاویزات سامنے آ گئی ہیں، جن میں ان کے استحقاق میں لامحدود اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

سٹی رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا اسمبلی نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی مراعات اور تنخواہوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کا نیا ایکٹ تیار کیا ہے۔ نئے مسودہ قانون کے تحت سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ہیلیکوپٹر کے باقاعدہ استعمال کا مکمل اختیار حاصل ہو گا۔ سب سے اہم اور حیران کن نکتہ یہ ہے کہ دونوں عہدیداران کو کسی بھی ممکنہ گرفتاری سے مکمل استثنیٰ حاصل ہو گا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے کو ان کی رہائش گاہوں میں داخل ہونے، تلاشی لینے یا چھاپہ مارنے کی قطعاً اجازت نہیں ہو گی۔

دستاویزات کے مطابق، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے بیرونی ممالک کے ہوائی سفر کے دوران ان کے بچوں کے فضائی ٹکٹ بھی حکومتِ پاکستان یعنی سرکاری خزانے سے ادا کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سپیکر کو بلٹ پروف گاڑی سمیت مجموعی طور پر تین سرکاری گاڑیاں اور ڈپٹی سپیکر کو دو سرکاری گاڑیاں رکھنے کا باقاعدہ استحقاق حاصل ہو گا۔ مسودے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سپیکر اگلی اسمبلی کے منتخب کردہ نئے سپیکر کے انتخاب تک سرکاری رہائش گاہ استعمال کرنے کے مجاز ہوں گے۔ مزید برآں، فنانس کمیٹی کو ان کی تنخواہوں میں اضافے کا خود مختار اختیار دیا گیا ہے، جبکہ دورانِ سروس حادثے میں موت کی صورت میں ان کے وارثین کو ایک منظور شدہ بڑا مالیاتی پیکیج بھی دیا جائے گا۔