ویب ڈیسک: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری ٹروبا ٹیسٹ میچ دلچسپ صورتحال اختیار کرگیا ہے، جہاں تیسرے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف مجموعی برتری 155 رنز تک پہنچا دی۔
ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی 29 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈال دیا اور صرف 43 رنز کے مجموعے پر ویسٹ انڈیز کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔
اوپنر تاگی نارائن چندر پال نے 35 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ جسٹن گریوز 20 اور کپتان روسٹن چیس 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کھیل کے اختتام پر شیمار جوزف 22 اور کیمار روچ 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز سے کیا، تاہم شان مسعود کے علاوہ کوئی اور بیٹر نمایاں مزاحمت نہ کرسکا۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور 109 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا نے 20 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان 12، عامر جمال 3، علی عثمان بغیر کوئی رن بنائے، خرم شہزاد 19 اور محمد عباس صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈالے رکھا اور 5 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے نئی گیند سے زبردست بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ آرڈر کو دباؤ میں رکھا۔ انہوں نے برانڈن کنگ اور کیوم ہوج سمیت اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد عباس نے مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستانی فیلڈر محمد علی نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے امیر جنگو کا بہترین ریٹرن کیچ پکڑا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کا اسکور 30 رنز پر 3 وکٹوں تک محدود ہوگیا۔
ٹروبا ٹیسٹ اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں ویسٹ انڈیز کی برتری اور پاکستان کے بولرز کی کارکردگی میچ کے نتیجے میں اہم کردار ادا کرے گی۔