ویب ڈیسک: ضلع کرم کے مرکزی شہر پاراچنار سمیت مختلف علاقوں میں نادرا ملازمین کا احتجاج آٹھویں روز میں داخل ہوگیا، جس کے باعث ضلع بھر میں نادرا دفاتر کی سرگرمیاں معطل ہیں اور شہریوں کو شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر ضروری دستاویزات کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق نادرا ملازمین نے احتجاج کا آغاز وسطی کرم میں نادرا ٹیم کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے کے خلاف کیا تھا۔ واقعے کے بعد ملازمین نے بطور احتجاج دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا، جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
نادرا دفاتر کی مسلسل بندش کے باعث پاراچنار سمیت ضلع کرم کے شہری مشکلات میں گھر گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی دنوں سے روزانہ دفاتر کا رخ کر رہے ہیں، تاہم بندش کے باعث انہیں بغیر کام کرائے واپس لوٹنا پڑ رہا ہے۔
متاثرہ افراد کے مطابق شناختی کارڈ، بچوں کے ب فارم اور دیگر اہم دستاویزات کی تیاری میں تاخیر کے باعث ان کے روزمرہ امور کے ساتھ ساتھ تعلیمی معاملات، بینکنگ سہولیات اور سرکاری کام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور نادرا دفاتر فوری طور پر کھولے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیکیورٹی خدشات کسی مخصوص علاقے تک محدود ہیں تو پورے ضلع کے دفاتر بند رکھنے سے عام عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری مداخلت کرکے سیکیورٹی معاملات حل کریں تاکہ شہریوں کو بنیادی شناختی سہولیات کی فراہمی دوبارہ بحال ہوسکے۔