ویب ڈیسک: دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث ہیڈ پنجند کے مقام پر سیلابی صورتحال مزید سنگین ہونے لگی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دریا کے کنارے آباد آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ پنجند پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 44 ہزار 809 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 30 ہزار 559 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے دریا کے اطراف رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال اور جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کی اپیل کے بعد بیٹ احمد، چک کہل، بیٹ بھٹو اور دیگر نشیبی علاقوں کے متعدد رہائشیوں نے نقل مکانی کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بلند ہوئی تو امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا جائے گا، جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔