ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حلقے کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں سے ایسے واقعات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشنوں سے باہر نکال دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بعض مقامات پر مسلح افراد کی موجودگی کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوا اور مبینہ جعلی ووٹنگ کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ایل اے 12 کے ان تمام پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج فوری طور پر روک دے جہاں بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں، اور معاملے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کرائی جائیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اگر تحقیقات میں شکایات درست ثابت ہوں تو متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر فوج کی نگرانی میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے تاکہ انتخابی عمل کی ساکھ برقرار رہے اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
سابق وزیراعظم نے زور دیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہر امیدوار اور ہر ووٹر کا بنیادی جمہوری حق ہیں، اس لیے عوامی مینڈیٹ پر اثر انداز ہونے کی کسی بھی مبینہ کوشش کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر سے اپیل کی کہ وہ موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیں، تمام امیدواروں کے لیے یکساں انتخابی ماحول یقینی بنائیں، اور تحقیقات و ممکنہ دوبارہ پولنگ کے عمل کی تکمیل تک حلقہ ایل اے 12 کے حتمی نتائج جاری نہ کیے جائیں۔