حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آزاد کشمیر الیکشن: میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کا بڑا اپ سیٹ، 13 میں سے 9 نشستیں جیت لیں Home / سیاست /

آزاد کشمیر الیکشن: میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کا بڑا اپ سیٹ، 13 میں سے 9 نشستیں جیت لیں

ایڈیٹر - 28/07/2026
آزاد کشمیر الیکشن: میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) کا بڑا اپ سیٹ، 13 میں سے 9 نشستیں جیت لیں

ویب ڈیسک:آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے تمام غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں، جن کے مطابق میرپور ڈویژن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے اکثریت کی نشستیں اپنے نام کر لی ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی محدود کامیابی حاصل کر سکی۔ دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی انتخابی میدان میں کوئی نشست جیتنے میں ناکام رہی۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے 9 پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی چار نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔

میرپور کے حلقہ ایل اے 1 میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق نے 15 ہزار 427 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 31 ہزار 378 ووٹ حاصل کر کے میدان مارا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 499 ووٹوں کے ساتھ شکست سے دوچار ہوئے۔

حلقہ ایل اے 3 میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان نے 12 ہزار 590 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری سعید 11 ہزار 81 ووٹ حاصل کر سکے۔

ایل اے 4 میں مسلم لیگ (ن) کے رخسار احمد 22 ہزار 376 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صہیب ارشد 15 ہزار 851 ووٹ حاصل کر سکے۔

حلقہ ایل اے 7 میں مسلم لیگ (ن) کے طارق فاروق نے 37 ہزار 613 ووٹ حاصل کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار اور سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کوٹلی کے حلقہ ایل اے 8 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال نے 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز 11 ہزار 986 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 9 میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی کو 28 ہزار 509 ووٹ ملے۔

اسی طرح ایل اے 11 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26 ہزار 270 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے، جبکہ ایل اے 12 میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاست نے 35 ہزار 168 ووٹ حاصل کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ اس نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین 30 ہزار 320 ووٹ حاصل کر سکے۔

کوٹلی کے حلقہ ایل اے 13 میں بھی مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار ووٹ لے کر کامیاب رہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار 15 ہزار ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابات کے ابتدائی مرحلے کو شفاف، آزادانہ اور مجموعی طور پر پرامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا اور عوام نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ ان کے مطابق انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں نے انتخابی عمل کو محفوظ بنانے میں مؤثر کردار ادا کیا، جبکہ سماہنی میں پولنگ میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والے افراد کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔

تاہم انتخابی عمل کے دوران بعض علاقوں سے تشدد اور ہنگامہ آرائی کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ کوٹلی کی تحصیل نکیال میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی شدید مذمت کی اور دعویٰ کیا کہ فائرنگ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پہلے سامنے آنے والی ویڈیو پر بروقت کارروائی کی جاتی تو یہ جانی نقصان روکا جا سکتا تھا۔

ادھر بھمبر میں دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دو سیاسی جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آ گئے، جہاں مشتعل افراد نے بیلٹ باکس چھین کر نذر آتش کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق جلائے گئے بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے، جبکہ اس پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کے حوالے سے فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

پولیس نے سماہنی میں بیلٹ باکس جلانے اور فائرنگ کے الزامات کے تحت استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی اور ان کے بیٹے عدیل علی شان کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں کے خلاف بیلٹ باکس چھیننے، سرکاری عمل میں مداخلت اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔