حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
رہائی تحریک کیس: "عمران خان رہائی فورس بنی ہی نہیں"وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا Home / سیاست /

رہائی تحریک کیس: "عمران خان رہائی فورس بنی ہی نہیں"وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عدالت میں جواب جمع کرا دیا

ایڈیٹر - 27/07/2026
رہائی تحریک کیس:

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی رہائی فورس سے متعلق درخواست پر وفاقی آئینی عدالت میں اپنا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایسی کوئی فورس کبھی قائم ہی نہیں کی گئی۔

8 صفحات پر مشتمل جواب ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کے ذریعے عدالت میں جمع کرایا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جاری تحریک ایک پُرامن، غیر مسلح اور رضاکارانہ سیاسی جدوجہد ہے۔

جواب میں مؤقف اپنایا گیا کہ نام نہاد رہائی امن تحریک میں کسی قسم کے مسلح ڈھانچے یا نجی ملیشیا کا کوئی وجود نہیں، جبکہ اس حوالے سے دائر کی گئی آئینی درخواست سیاسی مقاصد اور غلط بیانی پر مبنی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ درخواست قبل از وقت، فرضی اور ناقابل سماعت ہے، جبکہ درخواست گزار بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ثابت کرنے میں بھی ناکام رہا ہے۔

سہیل آفریدی کے جواب میں کہا گیا ہے کہ رہائی تحریک کو آئین کے آرٹیکل 16، 17 اور 19 کے تحت تحفظ حاصل ہے۔ آئین کے آرٹیکل 256 کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں بنتا، جبکہ پرائیویٹ ملٹری آرگنائزیشنز ایکٹ 1973 بھی اس تحریک پر لاگو نہیں ہوتا۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ امن و امان کو لاحق خطرات سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں اور رہائی تحریک کو ماضی کی مسلح تنظیموں سے جوڑنا گمراہ کن مؤقف ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کو ابتدائی مرحلے پر ہی خارج کیا جائے اور بانی پی ٹی آئی رہائی امن تحریک کو آئینی و قانونی قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی رہائی فورس کے خلاف دائر درخواست کی سماعت وفاقی آئینی عدالت نے 29 جولائی کو مقرر کر رکھی ہے۔