خیبر: خیبر پولیس نے جمرود میں کارروائی کرتے ہوئے ٹیلی فون کیبل چوری میں ملوث مبینہ گروہ کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری شدہ تانبہ، 5 لاکھ 50 ہزار روپے نقد رقم اور بھاری مشینری برآمد کرلی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش جمرود کے مختلف علاقوں میں ٹیلی فون کیبل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے کی، جس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ چوری کی وارداتوں میں ملوث دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا ہے کہ قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ خیبر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی پیدا کردی ہے۔