ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے محتاط اور مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں اپنی پوزیشن بہتر بنا لی۔
میزبان ٹیم کے پہلی اننگز میں 311 رنز کے جواب میں پاکستان نے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا لیے ہیں۔ اوپنر شان مسعود 88 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جبکہ ان کے ساتھ سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ انہوں نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی، تاہم وہ زیادہ دیر کریز پر قیام نہ کر سکے۔
کپتان بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 23 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اذان اویس اپنی پہلی اننگز کو یادگار نہ بنا سکے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے دوسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو مزید 117 رنز کے اضافے پر آل آؤٹ کردیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شے ہوپ نے 92 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ کیوم ہوج نے 84 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر بیٹرز میں شمار جوزف نے 23، تیجنارائن چندرپال اور عامر جینگو نے 21، 21، جسٹن گریوز نے 15، برینڈن کنگ نے 12 جبکہ روسٹن چیز نے 10 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عباس نے 3، خرم شہزاد نے 2 جبکہ عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز محتاط آغاز کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے، تاہم دوسرے روز پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے میزبان ٹیم کو 311 رنز تک محدود کر دیا۔