ویب ڈیسک : قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر شیرپاؤ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ بدترین حکمرانی، امن و امان کی خراب صورتحال اور بڑھتے عوامی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔
چارسدہ کے علاقے زیم میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عام شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
قومی وطن پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے مواقع سے محروم ہیں اور موجودہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی محاذ آرائی میں مصروف ہیں، حالانکہ عوام کو نعروں کے بجائے عملی اقدامات اور فوری ریلیف کی ضرورت ہے۔
سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہتر طرز حکمرانی، امن کے قیام اور معاشی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ قومی وطن پارٹی عوامی حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اس موقع پر انہوں نے دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد کارکنان نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کا خیرمقدم کیا گیا ہے اور سیاسی سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔