حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کیویم ہوج کی شاندار مزاحمت، پہلے روز ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری، پاکستان نے 194 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کی Home / کھیل /

کیویم ہوج کی شاندار مزاحمت، پہلے روز ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری، پاکستان نے 194 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کی

ایڈیٹر - 26/07/2026
کیویم ہوج کی شاندار مزاحمت، پہلے روز ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری، پاکستان نے 194 رنز دیکر  3 وکٹیں حاصل کی

ویب ڈیسک: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز میزبان ٹیم نے مضبوط آغاز کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیویم ہوج نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 83 رنز اسکور کیے، جبکہ شائی ہوپ 39 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، تاروبا میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم بارش کے باعث ابتدائی سیشن شدید متاثر ہوا اور صرف 14.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، جس میں میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز بنائے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب اوپنر برینڈن کنگ 12 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہونے پر ٹیگنارائن چندرپال اور کیویم ہوج نے دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم چندرپال 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بعد ازاں عامر جنگو نے کیویم ہوج کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 42 رنز کا اضافہ کیا، لیکن وہ بھی 21 رنز کے انفرادی اسکور پر محمد عباس کا دوسرا شکار بن گئے۔

اس کے بعد کیویم ہوج اور شائی ہوپ نے پاکستانی بولرز کو مزید کوئی کامیابی حاصل نہ کرنے دی اور چوتھی وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 88 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 194 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران کیویم ہوج نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور دن کے اختتام پر 83 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ شائی ہوپ 39 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عامر جمال کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے 33 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان نے اس میچ کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔