پشاور : محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، صوبے میں بارشوں کا یہ سلسلہ 27 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث بالائی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال (فلیش فلڈنگ) کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں سمیت پشاور، نوشہرہ، مردان، اور چارسدہ کے میدانی علاقوں میں بھی موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں ان اضلاع کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مانسہرہ میں سیف الملوک جھیل روڈ کے اطراف پہاڑی مقامات پر شدید بارش اور سیلابی ریلے کے باعث جھیل سیف الملوک کو ملانے والی سڑک بدستور بند ہے۔ دوسری جانب، جنوبی وزیرستان لوئر میں سیلابی ریلوں سے 3 کاز وے بہہ گئے ہیں، جبکہ استورو ویلی روڈ کو بند ہوئے 6 روز ہو چکے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد شاہراہِ بلتستان بھی بند ہے۔ زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث مقامی شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے۔