باجوڑ کے تلی ڈیم کے قریب بم دھماکہ، دو افراد شہید، ایک لاش کی تلاش جاری۔ تحصیل سالارزئی کے علاقے تلی ڈیم کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں دو افراد شہید ہو گئے۔
ڈی ایس پی جمال شاہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق شہداء میں سے ایک کی لاش ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خار منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ دوسری لاش کی تلاش تلی ڈیم کے پانی میں جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور ڈیم میں تلاش کا عمل تیزی سے جاری رکھا ہوا ہے۔شہید ہونیوالوں میں سلیمان قاری ولد فقیر سکنہ تلے اور غلام ولد سبحان شامل ہیں۔ ایس ایچ او باچا رحمان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی سخت کر دی ہے، جبکہ شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واقعے کی وجوہات اور جاں بحق افراد کی شناخت سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔