باجوڑ (خصوصی رپورٹ): وفاقی وزیر مملکت مبارک زیب خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل خار کے پسماندہ علاقے مامینزو کا ایک روزہ مصروف دورہ کیا، جہاں انہوں نے پی سی سی (PCC) روڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹیم آر زیڈ (RZ) کے سینئر اراکین، علاقائی مشران، نوجوانوں اور مقامی عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر مملکت کی آمد پر علاقہ مکینوں کی جانب سے ان کا تاریخی اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مختلف مقامات پر مشران اور نوجوانوں نے وفاقی وزیر کو پھولوں کے ہار پہنائے، جبکہ عوام نے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کر کے اپنی مسرت اور گہری محبت کا اظہار کیا۔
یہ افتتاحی تقریب بعد ازاں ایک بڑے عوامی جلسے کی شکل اختیار کر گئی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مشران نے شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وزیر مملکت مبارک زیب خان کی عوامی خدمات اور علاقے کے لیے ان کے ترقیاتی وژن کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ علاقائی مشران اور نوجوانوں کا کہنا تھا کہ مبارک زیب خان نے انتہائی قلیل عرصے میں مامینزو اور گردونواح میں تاریخی ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر عوام کے دیرینہ اور بنیادی مسائل کے مستقل حل کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔
سیاسی محاذ پر یہ تقریب اس وقت انتہائی اہمیت اختیار کر گئی جب درجنوں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے برسوں پرانی وابستگیاں ختم کرتے ہوئے شہید ریحان زیب خان کے سیاسی قافلے میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر مملکت مبارک زیب خان اور ٹیم آر زیڈ نے تمام نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
عوامی جلسے سے اپنے صدارتی خطاب میں وفاقی وزیر مملکت مبارک زیب خان کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح اپنے پسماندہ علاقے کی چومکھی ترقی، خوشحالی اور غریب عوام کی بلاامتیاز خدمت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم دن رات محنت کر کے باجوڑ کی دہائیوں پرانی محرومیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا، "میرا اصل مشن اپنے شہید بھائی ریحان زیب خان کے ادھورے خوابوں اور نظریاتی مشن کو عملی جامہ پہنانا ہے، اور ہم اس انقلابی سفر کو ہر قیمت پر آگے بڑھائیں گے۔"
تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت مبارک زیب خان نے احساس فاؤنڈیشن، مامینزو کے مشران، متحرک نوجوانوں اور ٹیم آر زیڈ کا شاندار انتظامات، پرتپاک استقبال اور لازوال محبت پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا یہی غیر متزلزل اعتماد اور مخلصانہ تعاون ان کے اندر خدمت کے جذبے کو مزید جلا بخشتا ہے۔