حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بارشوں کا نیا الرٹ جاری، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور سیلابی صورتحال کا خدشہ Home / ماحولیات /

بارشوں کا نیا الرٹ جاری، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور سیلابی صورتحال کا خدشہ

ایڈیٹر - 25/07/2026
بارشوں کا نیا الرٹ جاری، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور سیلابی صورتحال کا خدشہ

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ کئی میدانی اور پہاڑی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ جن علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ان میں پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

ترجمان محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، تودے گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جبکہ اچانک سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور زیرِ آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش باجوڑ میں اٹھاون ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ مہمند میں چالیس، پٹن میں اٹھائیس اور پشاور میں پندرہ ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت تئیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تینتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ صوبے میں کم ترین درجہ حرارت مالم جبہ میں چودہ اور کالام میں پندرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسم غیر مستحکم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، ڈیرہ بگٹی، پنجگور، آواران، قلات، خضدار، ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، پشین اور لسبیلہ میں آندھی، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، بالخصوص پہاڑی اور نشیبی علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔