ضلع باجوڑ کے لیے 12.6 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکیج، 12 بڑے منصوبے شامل
پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے "خوشحال خیبرپختونخوا بجٹ 2026-27" کے تحت ضلع باجوڑ میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے، جس کے لیے اربوں روپے مالیت کا تاریخی پیکیج مختص کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، پسماندہ اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کی پالیسی کے تحت ضلع باجوڑ کے لیے 9 اہم ترین شعبوں میں 12 بڑے ترقیاتی منصوبے صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ ان کثیر الجہتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 12.6 ارب روپے کی خطیر رقم لاگت آئے گی۔ حکومت کی جانب سے اس پیکیج میں قانون و انصاف، داخلہ، اعلیٰ تعلیم، صحت، صنعت، مواصلات، امدادِ باہمی، سماجی بہبود اور کثیر شعبہ جاتی منصوبوں جیسے بنیادی شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ان دور رس منصوبوں کا بنیادی مقصد ضلع باجوڑ میں مواصلاتی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی جامع بہتری، عوام کو معیاری صحت و تعلیم کی دہلیز پر فراہمی، اور صنعتی ترقی کو تیز کرنا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ منصوبے عوامی خدمات میں اضافے، قانون کی حکمرانی کو مستحکم کرنے اور پسماندہ طبقات کے لیے سماجی تحفظ کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ سماجی حلقوں نے صوبائی حکومت کے اس پسماندہ دوست بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے باجوڑ میں پائیدار ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔