ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام بنگے والا میں طوفانی بارش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ دلخراش واقعہ رات کے وقت اس وقت پیش آیا جب اہلِ خانہ گھر کے اندر سو رہے تھے۔ شدید بارش کے باعث مکان کے ایک کمرے کی چھت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں گھر کے سربراہ واجد اللہ، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ملبے تلے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے بعد پورا علاقہ غم کی فضا میں ڈوب گیا، جبکہ اہلِ علاقہ بڑی تعداد میں متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث مکان کی چھت کمزور ہو چکی تھی، جو بارش کے دباؤ کو برداشت نہ کر سکی اور گر گئی۔
علاقہ مکینوں نے وفاقی اور ضلعی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کے ورثا کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے اور ان کے لیے متبادل رہائش کا بندوبست کیا جائے۔
مقامی افراد نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بروقت امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں، کمزور اور خستہ حال مکانات کا سروے کیا جائے اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔