نیو جرسی: عالمی فٹبال میلے کے اختتام پر منعقد ہونے والی شاندار تقریب میں فاتح ٹیم کو عالمی کپ کی ٹرافی پیش کی گئی، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کھلاڑیوں میں طلائی تمغے اور انفرادی اعزازات بھی تقسیم کیے۔
اختتامی تقریب میں دنیا بھر کی نظریں اس وقت جذباتی منظر پر جم گئیں جب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی سلور میڈل وصول کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔
ٹورنامنٹ کے انفرادی اعزازات پر ہسپانوی کھلاڑیوں کا غلبہ رہا۔ اسپین کے روڈری کو پورے ایونٹ کا بہترین فٹبالر قرار دیتے ہوئے گولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کرنے پر اسپین ہی کے اونائی سیمون نے گولڈن گلوو اپنے نام کیا۔ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے تمام مقابلوں میں صرف ایک گول کھایا۔
بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز بھی اسپین کے نوجوان فٹبالر پاؤ کیوبارسی کو ملا، جنہوں نے اپنی متاثرکن کارکردگی سے شائقین اور ماہرین کو خوب متاثر کیا۔
ادھر فرانس کے سپر اسٹار کیلیان ایمباپے نے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے گولڈن بوٹ جیت لی۔ ایمباپے نے ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر دس گول کیے، جبکہ لیونل میسی آٹھ گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ کیلیان ایمباپے نے عالمی فٹبال کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ وہ دو مختلف عالمی کپ مقابلوں میں گولڈن بوٹ حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ اس سے قبل بھی وہ دو ہزار بائیس کے عالمی کپ میں آٹھ گول کر کے یہی اعزاز حاصل کر چکے تھے۔