پختونخوا ریڈیو باجوڑ کی نشریات بحال ہوگئی، آٓپریشن بنیان المرصوص پر خصوصی نشریات پیش کی گئی۔
ضلع باجوڑ میں قائم محکمہ اطلاعات و تعلقات خیبر پختونخوا کے ریڈیو اسٹیشن پختونخوا ریڈیو باجوڑ ایف ایم 1۔91 کی نشریات سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ محمد خالد کےخصوصی احکامات کی روشنی میں بحال کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے اسٹیشن انچارج ڈاکٹر فطرت بونیری نے کہا کہ پختونخوا ریڈیو باجوڑ نے ہمیشہ پروپیگنڈے کے روک تھام اور جعلی و گمراہ کن معلومات کے روک تھام میں کردار ادا کیاہے۔ موجودہ وقت میں جب پاک بھارت کشیدگی ہے تو اس اثناء میں ریڈیو کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے کیونکہ سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی اور گمراہ کن معلومات فراہم کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے دوران بھی پختونخوا ریڈیو باجوڑ نے عوام کو حقیقی اور سچ پر مبنی معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈیو حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کررہاہے اور ہماری کوشش ہے کہ ریڈیو نشریات کو مزید بھی بہتر بنائے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ریڈیوپر مذہبی ہم اۤہنگی ، امن ، شدت پسند رویوں کے روک تھام کیلئے پروگرام ترتیب دینگے جس سے علاقے میں خوشحالی اۤئیگی ۔
نشریات بحال ہوتے ہی باجوڑ کے عوام کو آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جس میں ہر قدم پر بروقت اور درست رپورٹنگ کو یقینی بنایا گیا۔ دن بھر، لائیو اپ ڈیٹس اور تفصیلی تجزیہ نشر کیا گیا، جس سے معتبر خبروں کا ایک مستقل بہاؤ برقرار رہا۔
آپریشن بنیان المرصوص کے کامیاب اختتام کے بعد، ریڈیو سٹیشن نے آپریشن کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہوئے خصوصی پروگرامات نشر کئے۔ کمیونٹی کو بحرانی کیفیت سے نکالنے میں مدد کرنے کے لیے، پختونخوا ریڈیو باجوڑ نے موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پروگرام متعارف کرائے اور عوامی تناؤ کو کم کرنے کے لیے ہلکے پھلکے، تازگی بخش مواد کا اہتمام کیا۔
یادرہے کہ پختونخوا ریڈیو باجوڑ ایف ایم ایک سال سے زائد عرصہ تک بندرہا اور بالاخر کار نشریات بحال کردی گئی ۔