ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کا امکان ہے، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم اور لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں راستے متاثر ہونے، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، جس سے موسم میں عارضی بہتری آنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے علاقوں خضدار اور ژوب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم صوبے کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمالی اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔