حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ورلڈ کپ کا بڑا معرکہ آج، اسپین کے مضبوط دفاع اور فرانس کے خطرناک حملہ آور آمنے سامنے Home / کھیل /

ورلڈ کپ کا بڑا معرکہ آج، اسپین کے مضبوط دفاع اور فرانس کے خطرناک حملہ آور آمنے سامنے

ایڈیٹر - 14/07/2026
ورلڈ کپ کا بڑا معرکہ آج، اسپین کے مضبوط دفاع اور فرانس کے خطرناک حملہ آور آمنے سامنے

ویب ڈیسک: فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں آج دو یورپی طاقتور ٹیمیں اسپین اور فرانس ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ ایونٹ کے سب سے اہم مقابلوں میں شمار کیے جانے والے اس میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات بارہ بجے ہوگا۔

اسپین کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی دفاعی کھیل پیش کر چکی ہے۔ اب تک کھیلے گئے تمام میچوں میں اسپین کے خلاف صرف ایک گول اسکور کیا جا سکا ہے، جبکہ ٹیم دوسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

ٹورنامنٹ کے دوران اسپین ناقابلِ شکست رہا ہے۔ البتہ گروپ مرحلے میں کیپ ورڈے کے خلاف اس کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جبکہ دیگر تمام میچوں میں اسپین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب 2018 کا عالمی چیمپئن فرانس ایک مرتبہ پھر فائنل تک رسائی کے لیے پُرامید ہے۔ فرانسیسی ٹیم گزشتہ سات ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں چار مرتبہ فائنل کھیل چکی ہے، تاہم حالیہ برسوں میں اسپین کے خلاف اس کا ریکارڈ زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہا۔ یورو 2024 اور گزشتہ سال نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں بھی اسپین نے فرانس کو شکست دی تھی۔

آج کے اہم مقابلے میں فرانس کی امیدوں کا مرکز اس کے اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے ہوں گے، جبکہ اسپین کی نظریں نوجوان سنسنی لامین یامال کی شاندار فارم پر مرکوز ہوں گی، جن سے ایک بار پھر فیصلہ کن کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔

فٹبال شائقین کی نگاہیں اس سنسنی خیز سیمی فائنل پر جمی ہوئی ہیں، جہاں ایک جانب فرانس کی برق رفتار اٹیکنگ لائن ہوگی تو دوسری طرف اسپین کا مضبوط اور منظم دفاع، جو اب تک ہر بڑے امتحان میں کامیاب ثابت ہوا ہے۔