حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
گلوبل سپر لیگ کے لیے لاہور قلندرز کا اسکواڈ سامنے آ گیا، مائیکل بریسویل کپتان، شان ٹیٹ ہیڈ کوچ مقرر Home / کھیل /

گلوبل سپر لیگ کے لیے لاہور قلندرز کا اسکواڈ سامنے آ گیا، مائیکل بریسویل کپتان، شان ٹیٹ ہیڈ کوچ مقرر

ایڈیٹر - 14/07/2026
گلوبل سپر لیگ کے لیے لاہور قلندرز کا اسکواڈ سامنے آ گیا، مائیکل بریسویل کپتان، شان ٹیٹ ہیڈ کوچ مقرر

ویب ڈیسک: گیانا میں منعقد ہونے والی گلوبل سپر لیگ کے لیے لاہور قلندرز نے اپنے اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی قیادت نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کریں گے، جبکہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

اعلان کے مطابق لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں پرویز حسین، شایان جہانگیر، ڈیلانو پوٹگیٹر اور عبداللہ شفیق بھی شامل ہیں، جبکہ اسامہ میر، شامل حسین، محمد نعیم، عمران رندھاوا، مہران ممتاز، فرحان یوسف، شہاب خان، محمد باسط اور علی شبیر بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ اور ہیڈ کوچ کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شان ٹیٹ بین الاقوامی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ان کی کامیاب سوچ ٹیم کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج رکھا گیا ہے تاکہ نئی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور سیکھنے کا بہترین موقع مل سکے۔

عاطف رانا کا کہنا تھا کہ گلوبل سپر لیگ میں شرکت نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف ممالک کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا قیمتی تجربہ بھی فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ گلوبل سپر لیگ کا انعقاد تیئیس جولائی سے یکم اگست تک گیانا میں ہوگا۔ لاہور قلندرز اپنے مہم کا آغاز تیئیس جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف میچ سے کرے گی۔