خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات کی روشنی میں اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ جناب شاہد علی خان کی خصوصی ہدایت پر آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد رفیق گنڈاپور اور اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی کی زیرِ قیادت پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی بزدلانہ حملے کی شدید مذمت میں ایک پُرجوش عوامی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، مختلف سکولوں کے طلباء، عمائدینِ ،تاجر برادری اور سرکاری افسران نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم لہرائے اور "پاک فوج زندہ باد" اور "بھارت مردہ باد" کے فلک شگاف نعروں کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہماری پہچان، ہماری شان اور قومی سلامتی کی ضامن ہے۔ وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے قوم کا ہر فرد یکجہتی اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہے۔ ریلی قومی عزم کی تجدید تھی کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پوری قوم پورے عزم و اتحاد کے ساتھ اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
ریلی کے اختتام پر وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔