اسلام آباد: وفاقی حکومت میں جلد اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں کابینہ میں رد و بدل کے ساتھ نوجوان اور متحرک قیادت کو آگے لانے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اپنے قریبی مشیروں اور سیاسی رفقا سے مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کے بعد وفاقی کابینہ میں نئے ارکان کو شامل کرنے اور بعض وزارتوں میں تبدیلیاں لانے کا فیصلہ متوقع ہے۔
اطلاعات ہیں کہ کابینہ میں شامل کیے جانے والے بیشتر نئے چہروں کو وزیرِ مملکت کی ذمہ داریاں سونپی جا سکتی ہیں۔ حکومت ایسے افراد کو آگے لانا چاہتی ہے جنہیں فعال، محنتی اور بہتر نتائج دینے والا سمجھا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے چند اہم وزارتوں کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ خاص طور پر تجارت اور صنعت و پیداوار سے متعلق وزارتوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی، جبکہ چاول، آلو اور مختلف پھلوں کی بیرونِ ملک برآمدات سے متعلق اہداف پورے نہ ہونے پر بھی سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قومی خزانے پر اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں میں انتظامی اصلاحات اور ڈھانچے میں تبدیلیوں کی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں تاکہ سرکاری نظام کو زیادہ مؤثر اور کم خرچ بنایا جا سکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزارتِ آبی وسائل کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں ہیں، جس کے باعث کمزور کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کی خامیوں کو دور کرنے اور ان کی استعداد بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ آئندہ فیصلوں میں کارکردگی کو بنیادی معیار بنایا جائے گا اور ہر وزارت کی باقاعدہ جوابدہی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ حکومتی اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔