میامی: فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ اپنے اختتامی اور انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ کوارٹر فائنلز کے اختتام کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے، جہاں ارجنٹینا، انگلینڈ، فرانس اور اسپین عالمی اعزاز کی دوڑ میں باقی رہ گئی ہیں۔
سیمی فائنل مرحلے میں یورپی فٹبال کی تین بڑی طاقتیں ایک جانب ہوں گی، جبکہ جنوبی امریکا کی نمائندگی دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کرے گا۔ دنیا بھر کے فٹبال شائقین اب ان بڑے مقابلوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
پہلے سیمی فائنل میں فرانس کا سامنا اسپین سے ہوگا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں روایتی حریف انگلینڈ اور ارجنٹینا آمنے سامنے آئیں گے۔ اگر فرانس اور ارجنٹینا اپنے اپنے مقابلوں میں کامیاب رہے تو شائقین کو ایک بار پھر لیونل میسی اور کیلیان ایمباپے کے درمیان عالمی فائنل کی دلچسپ ٹکر دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے، جیسا کہ دو ہزار بائیس کے عالمی کپ کے فائنل میں ہوا تھا۔
ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ لیونل میسی نے ابتدا میں عمدہ پاس دے کر الیکسس میک ایلسٹر سے گول کرایا، تاہم سوئٹزرلینڈ نے دوسرے ہاف میں ڈین اینڈوئے کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔
بعد ازاں سوئٹزرلینڈ کے بریل ایمبولو کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا، لیکن اس کے باوجود فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔ ایک سو بارہویں منٹ میں جولین الواریز نے فیصلہ کن گول اسکور کیا، جبکہ اختتامی لمحات میں لاؤتارو مارٹینیز نے تیسرا گول کرکے ارجنٹینا کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔
دوسری جانب انگلینڈ نے ناروے کے خلاف دلچسپ مقابلے میں دو، ایک سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے دوران ویڈیو معاون ریفری کے فیصلے نے بھی بھرپور توجہ حاصل کی، جب ارلنگ ہالینڈ کی جانب سے فاؤل ہونے پر ناروے کا ایک گول منسوخ کر دیا گیا۔ انگلینڈ کی فتح میں جوڈ بیلنگھم نے دونوں گول کرکے مرکزی کردار ادا کیا۔
فرانس نے کوارٹر فائنل میں مراکش کو بغیر کوئی گول کھائے دو، صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ کوچ دیدیے دیشان کی ٹیم نے جارحانہ اور منظم کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مضبوط فارم برقرار رکھی۔
اسپین نے بھی بیلجیئم کو دو، ایک سے ہرا کر آخری چار ٹیموں میں جگہ پکی کر لی۔ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے کی قیادت میں اسپین نے پورے مقابلے میں گیند پر عمدہ کنٹرول رکھا اور اہم مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
شیڈول کے مطابق پہلا سیمی فائنل پندرہ جولائی کو ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں فرانس اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ سولہ جولائی کو اٹلانٹا میں انگلینڈ اور ارجنٹینا مدمقابل ہوں گے۔
فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی چاروں ٹیمیں عالمی اعزاز جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، جس کے باعث ورلڈ کپ دو ہزار چھبیس کا اختتامی مرحلہ غیر معمولی دلچسپ اور یادگار ثابت ہونے کی توقع ہے۔