لنڈی کوتل: ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے نیکی خیل میں اراضی کے تنازع نے خوفناک رخ اختیار کر لیا، جہاں متنازع زمین پر درخت کاٹنے کے معاملے پر دو گروپوں کے درمیان ہونے والی شدید فائرنگ سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان زمین کی ملکیت کا تنازع کافی عرصے سے چلا آ رہا تھا۔ ہفتے کے روز ایک گروپ متنازع مقام پر درخت کاٹ رہا تھا کہ دوسرے فریق نے اس پر اعتراض کیا، جس کے بعد پہلے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور پھر معاملہ مسلح تصادم میں بدل گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے ہونے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ نو افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال لنڈی کوتل پہنچایا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے پشاور کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو اپنی تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیکی خیل میں زمین کی ملکیت پر دونوں فریقوں کے درمیان ماضی میں بھی کئی بار کشیدگی پیدا ہو چکی ہے، تاہم اس مرتبہ درخت کاٹنے کے معاملے نے تنازع کو خونریز تصادم میں تبدیل کر دیا۔