حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑ پولیس کی بڑی کارروائی: خار بازار قتل کیس کا نامزد ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار۔ Home / باجوڑ /

باجوڑ پولیس کی بڑی کارروائی: خار بازار قتل کیس کا نامزد ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار۔

ایڈیٹر - 11/07/2026
باجوڑ پولیس کی بڑی کارروائی: خار بازار قتل کیس کا نامزد ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار۔

باجوڑ (حسبان میڈیا): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  باجوڑ محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ خار پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران قتل کی سنگین واردات میں روپوش مفرور ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ اہم کارروائی سرکل ڈی ایس پی خار سعید الرحمن کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ خار گلذادہ اور تفتیشی آفیسر اسلام الدین نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ پولیس ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران مشکوک افراد کی چیکنگ کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم قیوم ولد نعمت خان، سکنہ سڑی مینہ کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان باجوڑ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم نے تقریباً ایک ماہ قبل خار بازار میں ایک معمر اور ضعیف العمر شخص کو اندھا دھند فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا، جس کے بعد سے وہ قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے روپوش تھا اور تھانہ خار پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل (پستول) بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی پی او باجوڑ محمد خالد خان نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور شاباش دی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ ضلع میں امن و امان قائم رہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ باجوڑ پولیس نے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔