واشنگٹن: امریکی خلائی ادارہ ناسا مستقبل میں چاند اور مریخ پر انسانی مشنز کی تیاری کے لیے ایسے رضاکاروں کی تلاش میں ہے جو تقریباً ایک سال تک مصنوعی خلائی ماحول میں رہ کر منفرد سائنسی تحقیق کا حصہ بننا چاہتے ہوں۔
ناسا کے مطابق منتخب امیدواروں کو امریکی شہر ہیوسٹن میں قائم جانسن خلائی مرکز میں ایک ایسے محدود اور الگ تھلگ ماحول میں رکھا جائے گا، جہاں چاند اور مریخ پر ممکنہ انسانی قیام جیسی صورتحال پیدا کی جائے گی۔ اس تجربے کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ طویل خلائی سفر کے دوران انسان جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی طور پر کس طرح ردِعمل ظاہر کرتے ہیں۔
ادارے نے اس منصوبے کو "مون اینڈ مارس ایکسپلوریشن اینالاگ" کا نام دیا ہے۔ اس تحقیق سے حاصل ہونے والی معلومات مستقبل میں خلا بازوں کی حفاظت، صحت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائیں گی، جبکہ یہ چاند پر طویل المدتی انسانی موجودگی اور آئندہ خلائی منصوبوں کی تیاری میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
ناسا کے مطابق پروگرام میں شامل افراد کو مصنوعی خلائی مشنز، فرضی سیاروی تحقیق، محدود وسائل میں کام کرنے، خصوصی گاڑیوں کے ذریعے تحقیقی مقامات تک رسائی اور مریخ پر چہل قدمی سے مشابہ سرگرمیوں میں حصہ لینا ہوگا۔ اس دوران ماہرین ان کی جسمانی استعداد، ذہنی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت اور مختلف حالات سے مطابقت کا مسلسل جائزہ لیں گے۔
یہ منصوبہ ناسا کے دو سابق تحقیقی پروگراموں کو یکجا کرکے تیار کیا گیا ہے تاکہ مستقبل کے طویل خلائی سفر کے لیے جدید ٹیکنالوجی، حفاظتی نظام اور عملی طریقہ کار کو زمینی سطح پر آزمایا جا سکے۔
درخواست دینے والے امیدواروں کے لیے امریکی شہریت یا گرین کارڈ، تیس سے پچپن سال کے درمیان عمر، مقررہ قد، انگریزی زبان پر عبور اور سائنس، انجینئرنگ یا متعلقہ شعبے میں کم از کم بیچلر ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے۔ امیدواروں کو جسمانی اور نفسیاتی معائنے سمیت کئی مراحل پر مشتمل انتخابی عمل سے بھی گزرنا ہوگا۔
ناسا نے بتایا ہے کہ منتخب افراد تقریباً چودہ ماہ کے پروگرام کا حصہ ہوں گے، جس میں ایک سال مصنوعی خلائی ماحول میں قیام جبکہ مشن سے قبل اور بعد کی تربیت اور تحقیقی جائزے شامل ہوں گے۔ اس تحقیقی منصوبے میں شریک رضاکاروں کو مناسب مالی معاوضہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
خلائی ادارے کا کہنا ہے کہ اس پروگرام سے حاصل ہونے والا ڈیٹا مستقبل میں چاند پر مستقل انسانی موجودگی قائم کرنے اور پہلی بار انسانوں کو مریخ بھیجنے کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔