حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا کابینہ کا بڑا فیصلہ، اراکینِ اسمبلی مراعات ایکٹ کی تمام قابلِ اعتراض شقیں واپس لینے کی منظوری۔ Home / سیاست /

خیبر پختونخوا کابینہ کا بڑا فیصلہ، اراکینِ اسمبلی مراعات ایکٹ کی تمام قابلِ اعتراض شقیں واپس لینے کی منظوری۔

ایڈیٹر - 11/07/2026
خیبر پختونخوا کابینہ کا بڑا فیصلہ، اراکینِ اسمبلی مراعات ایکٹ کی تمام قابلِ اعتراض شقیں واپس لینے کی منظوری۔

کے پی کابینہ کا بڑا فیصلہ: اراکینِ اسمبلی مراعات ایکٹ کی قابلِ اعتراض شقیں واپس لینے کی منظوری، ایکٹ 1988ء کے مطابق بحال ہو گا

پشاور (اسپیشل رپورٹر، حسبان میڈیا): خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی امنگوں کا احترام کرتے ہوئے اراکینِ اسمبلی مراعات ایکٹ سے متعلق تمام قابلِ اعتراض شقوں کو فوری طور پر واپس لینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ بیرسٹر سیف نے کابینہ کے دیگر اراکین کے ہمراہ جاری کردہ ایک اہم ویڈیو پیغام میں تصدیق کی ہے کہ مراعات ایکٹ کی تمام متنازع دفعات کو ختم کر کے اسے 1988ء کے اصل ایکٹ کے مطابق بحال اور درست کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق، وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا ایک خصوصی اور اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں عوامی سطح پر اٹھنے والے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وزیرِ اعلیٰ و اسپیکر کی خصوصی مشاورت اور ہدایات کی روشنی میں قانون کو عوامی مفاد کے مطابق ڈھالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیرِ اطلاعات نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ پیر کے روز ایک اور خصوصی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں تمام پارلیمانی لیڈرز کو مکمل اعتماد میں لے کر اس معاملے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت فارم 45 کے تحت عوام کے حقیقی اور واشگاف مینڈیٹ سے قائم ہوئی ہے، اس لیے حکومت ایسا کوئی بھی فیصلہ یا قانون سازی نہیں کرے گی جو عوامی امنگوں اور ملکی معیشت پر بوجھ بننے کے مترادف ہو۔

انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت صحافی برادری اور عوام کے تمام جائز تحفظات کو سنجیدگی سے سنے گی اور پارلیمانی اور عوامی بالادستی کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔