اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہری اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج اور کل وقفے وقفے سے تیز بارش متوقع ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور نشیبی مقامات زیرِ آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو نکاسیٔ آب کے انتظامات مؤثر رکھنے اور ہر ممکن احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع اور سندھ کے علاقے تھرپارکر سمیت چند دیگر مقامات پر بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث بعض مقامات پر مقامی سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے تمام متعلقہ ادارے ہر وقت الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
دوسری جانب بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ہری پور، خان پور تحصیل اور غازی میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
شدید بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے، جبکہ کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ متعدد رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جی ٹی روڈ کے مختلف حصوں سمیت کئی دیہی اور شہری رابطہ سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، جبکہ خان پور کا معروف ترناوہ پل بھی پانی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔