حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مالاکنڈ میں ٹیکس نفاذ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے 13 جولائی کو لوئیہ جرگہ طلب کر لیا۔ Home / سیاست /

مالاکنڈ میں ٹیکس نفاذ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے 13 جولائی کو لوئیہ جرگہ طلب کر لیا۔

ایڈیٹر - 09/07/2026
مالاکنڈ میں ٹیکس نفاذ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے 13 جولائی کو لوئیہ جرگہ طلب کر لیا۔

مالاکنڈ میں ٹیکس نفاذ کا معاملہ: عوامی نیشنل پارٹی نے 13 جولائی کو گرینڈ لوئیہ جرگہ طلب کر لیا، تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے روابط مکمل

پشاور (حسبان نیوز): مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے مبینہ نفاذ کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے سخت اور حتمی موقف اپناتے ہوئے 13 جولائی کو ایک اہم لوئیہ جرگہ طلب کر لیا ہے۔ اس حوالے سے اے این پی پختونخوا کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے صوبے کی دیگر بڑی سیاسی و تجارتی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر روابط کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ مالاکنڈ کے عوام کے حقوق اور ٹیکس فری زون کی حیثیت کا تحفظ کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر، پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری ہمایوں خان، صوبائی صدر محمد علی باچا، ڈویژنل صدر ملک عظمت، اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ (این ڈی ایم) کی صوبائی چیئرپرسن بشریٰ گوہر سمیت ٹریڈ یونین مالاکنڈ کے چیئرمین عبدالرحیم سے ٹیلیفونک رابطے کیے۔ ان رابطوں کے دوران مالاکنڈ میں ٹیکس نفاذ کے ممکنہ اثرات اور عوامی تشویش پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

میاں افتخار حسین نے تمام سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران اور تجارتی نمائندوں کو 13 جولائی کو منعقد ہونے والے اس گرینڈ لوئیہ جرگہ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام پر کسی بھی قسم کا غیر منصفانہ ٹیکس قبول نہیں کیا جائے گا اور اس حساس معاملے پر صوبے کی تمام قیادت کو یکجا ہو کر ایک مضبوط اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ عوامی حقوق کا ہر سطح پر دفاع یقینی بنایا جا سکے۔