حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو بلو پاسپورٹ جاری کرنے سے صاف انکار، غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس بھی نہیں ملیں گے: طلال چوہدری Home / سیاست /

وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو بلو پاسپورٹ جاری کرنے سے صاف انکار، غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس بھی نہیں ملیں گے: طلال چوہدری

ایڈیٹر - 09/07/2026
وفاقی حکومت کا خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو بلو  پاسپورٹ جاری کرنے سے صاف انکار، غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس بھی نہیں ملیں گے: طلال چوہدری

پی ٹی آئی کا دہرا معیار بے نقاب، خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو گرین یا بلو پاسپورٹ جاری نہیں کیے جائیں گے، وفاقی حکومت کا اعلان

اسلام آباد (حسبان نیوز): وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو بلیو (آفیشل) یا گرین پاسپورٹ جاری کرنے اور کسی بھی رکن کو غیر ممنوعہ بور کے اسلحے کے لائسنس دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا دہرا معیار اس مضحکہ خیز بل سے بالکل عیاں ہو چکا ہے جو حال ہی میں صوبائی اسمبلی سے منظور کرایا گیا ہے۔

وزیر مملکت نے سخت موقف اپناتا ہوئے کہا کہ ماضی میں بعض افراد کی جانب سے سرکاری مراعات اور خصوصاً آفیشل پاسپورٹس کا انتہائی غلط استعمال کیا گیا، جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹس کے اس غلط استعمال کے باعث بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، اور یہی وجہ ہے کہ کئی دوست ممالک نے پاکستان کے ساتھ ویزا سہولتوں اور دیگر اہم سفارتی معاملات میں شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ وفاقی حکومت اب ایسے کسی بھی اقدام کی ہرگز حمایت نہیں کرے گی جس سے ملک کے لیے دوبارہ اس نوعیت کے سنگین مسائل پیدا ہوں۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پاسپورٹس کے اجراء کے معاملے پر وفاقی حکومت ایک انتہائی سخت اور مربوط پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اب کوئی بھی گرین یا خصوصی پاسپورٹ کسی سیاسی دباؤ پر نہیں، بلکہ صرف اور صرف مروجہ قانون اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد اور ملکی ساکھ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔