پشاور: خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مختلف بالائی اور میدانی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور گرد آلود ہواؤں کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر بالا، دیر زیریں، اپر چترال، لوئر چترال، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر اور باجوڑ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض مقامات پر شدید بارش اور گرد آلود آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے میں درجہ حرارت بلند رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں 42، پٹن اور تخت بھائی میں 40، دیر اور چترال میں 35، جبکہ کالام اور مالم جبہ میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، بالخصوص بالائی علاقوں کے رہائشیوں اور مسافروں کو خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتنے اور تازہ موسمی اطلاعات پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔