اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مسلسل عدم حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری برقرار رکھے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
مقدمے کی سماعت سول جج عباس شاہ کی عدالت میں ہوئی، جہاں ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ الزامات سے متعلق درج مقدمے پر کارروائی کی گئی۔ سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے پہلے سے جاری ناقابلِ ضمانت وارنٹ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملزم کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
بعد ازاں سول جج عباس شاہ کی عدم دستیابی کے باعث مقدمے کی مزید سماعت اکیس جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ الزامات پر انسدادِ الیکٹرانک جرائم قانون کے تحت قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جاری ہے۔