حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ورلڈ کپ میں ٹائٹل کی جنگ تیز، کوارٹر فائنل کی تمام 8 ٹیمیں سامنے آ گئیں، کون سی ٹیم کس ٹیم کا سامنا کرے گی Home / کھیل /

ورلڈ کپ میں ٹائٹل کی جنگ تیز، کوارٹر فائنل کی تمام 8 ٹیمیں سامنے آ گئیں، کون سی ٹیم کس ٹیم کا سامنا کرے گی

ایڈیٹر - 09/07/2026
ورلڈ کپ میں ٹائٹل کی جنگ تیز، کوارٹر فائنل کی تمام 8 ٹیمیں سامنے آ گئیں، کون سی ٹیم کس ٹیم کا سامنا کرے گی

نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں پری کوارٹر فائنل کے تمام مقابلے مکمل ہونے کے بعد آخری آٹھ ٹیموں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب عالمی اعزاز کے لیے فرانس، مراکش، ناروے، انگلینڈ، اسپین، بیلجیم، ارجنٹینا اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔

راؤنڈ آف سولہ کے اختتامی مقابلے میں سوئٹزرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر کوارٹر فائنل کا آخری ٹکٹ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ابتدائی اڑتالیس ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں صرف آٹھ مضبوط ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں باقی رہ گئی ہیں۔

پری کوارٹر فائنل مرحلے میں شائقین کو کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے، جن میں آخری لمحات میں واپسی، پنالٹی شوٹ آؤٹ اور غیر متوقع نتائج نے ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔

پری کوارٹر فائنل کے اہم نتائج

مراکش نے کینیڈا کو تین صفر سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ فرانس نے پیراگوئے کو ایک صفر سے شکست دے کر اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔ اس میچ میں کیلیان ایمباپے نے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں اپنی برتری مزید مضبوط کی۔

ایک بڑے اپ سیٹ میں ناروے نے پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو دو ایک سے شکست دی، جہاں ایرلنگ ہالینڈ نے دونوں گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔

انگلینڈ نے میکسیکو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین دو سے ہرایا، جبکہ اسپین نے پرتگال کو ایک صفر سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

بیلجیم نے میزبان امریکا کو چار ایک سے شکست دے کر شاندار انداز میں آخری آٹھ مرحلے میں رسائی حاصل کی، جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے مصر کے خلاف دو گول کے خسارے کے باوجود شاندار واپسی کرتے ہوئے تین دو سے کامیابی سمیٹی۔

کوارٹر فائنل کا شیڈول

کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز دس جولائی سے ہوگا اور ہر ٹیم عالمی چیمپئن بننے سے صرف تین کامیابیوں کے فاصلے پر ہوگی۔

پہلا کوارٹر فائنل فرانس اور مراکش کے درمیان بوسٹن میں پاکستانی وقت کے مطابق دس جولائی کی رات ایک بجے کھیلا جائے گا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپین اور بیلجیم آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ مقابلہ گیارہ جولائی کی شب بارہ بجے لاس اینجلس میں ہوگا۔

تیسرے کوارٹر فائنل میں برازیل کو شکست دینے والی ناروے کی ٹیم کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔ یہ میچ بارہ جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات دو بجے میامی میں کھیلا جائے گا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔ یہ اہم میچ بارہ جولائی کی صبح چھ بجے کینساس میں کھیلا جائے گا۔

سیمی فائنل اور فائنل

کوارٹر فائنل کی فاتح چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، جہاں پندرہ اور سولہ جولائی کو ڈیلاس اور اٹلانٹا میں مقابلے ہوں گے۔

ورلڈ کپ 2026 کا فائنل انیس جولائی کو نیویارک، نیو جرسی میں کھیلا جائے گا، جہاں نئی عالمی چیمپئن ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

نگاہیں سپر اسٹارز پر

فیصلہ کن مرحلے میں دنیا بھر کے شائقین کی نظریں لیونل میسی، کیلیان ایمباپے، ایرلنگ ہالینڈ، ہیری کین، اشرف حکیمی، چارلس ڈی کیٹیلائر، لامین یامال اور گرانیت ژاکا جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں پر مرکوز ہوں گی۔

خصوصی توجہ لیونل میسی پر بھی ہوگی، کیونکہ اسے ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کیلیان ایمباپے اور ایرلنگ ہالینڈ گولڈن بوٹ کی دوڑ کے مضبوط ترین امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔