حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر بیرسٹر گوہر کا پھر سخت مطالبہ Home / سیاست /

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر بیرسٹر گوہر کا پھر سخت مطالبہ

ایڈیٹر - 08/07/2026
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر بیرسٹر گوہر کا پھر سخت مطالبہ

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہلِ خانہ کی ملاقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود انہیں اپنے خاندان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس سے سیاسی ماحول میں مزید کشیدگی پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملاقاتوں پر پابندیاں برقرار رہیں تو اس کے منفی اثرات معاشرے اور سیاسی فضا پر مرتب ہوں گے، اس لیے اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت دی جانی چاہیے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس حوالے سے پارٹی کی سیاسی کمیٹی نے مقامی حالات کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ فیصلہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف ریاست مخالف کسی بھی بیانیے کی حمایت نہیں کرتی، تاہم عوام کے آئینی اور جمہوری مطالبات کی مکمل تائید کرتی ہے۔

پارٹی میں فارورڈ بلاک کی موجودگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے ایسی تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت متحد ہے اور اندرونی اختلافات کی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں۔

دوسری جانب اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں ان کی بھابھی مہر النساء مانیکا اور بیٹی مبشرہ شیخ شریک ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق کانفرنس روم میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً چالیس منٹ جاری رہی، جس کے دوران بشریٰ بی بی کی خیریت، صحت اور دیگر خاندانی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔