افغانستان کرکٹ کے معروف سابق فاسٹ بولر شاپور زدران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ بھارت کے شہر نئی دہلی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ زندگی کی آخری جنگ لڑنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
شاپور زدران افغانستان کرکٹ کے ابتدائی اور نمایاں کھلاڑیوں میں شمار کیے جاتے تھے، جنہوں نے اپنی جارحانہ فاسٹ بولنگ اور شاندار کارکردگی کے ذریعے افغان کرکٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 44 ایک روزہ (ون ڈے) اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں مجموعی طور پر 80 وکٹیں حاصل کیں۔ شاپور زدران 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی افغانستان کے اہم کھلاڑیوں میں شامل تھے، جہاں ان کی کارکردگی کو خاصی سراہا گیا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین