کابل/نئی دہلی ۔افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر شہپور زدران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (ACB) نے ان کے بے وقت انتقال کی باقاعدہ تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ، صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق شہپور زدران کا شمار افغان کرکٹ کے ان ابتدائی اور بنیاد پرست کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ملک میں کرکٹ کے عروج اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
رپورٹس کے مطابق شہپور زدران طویل عرصے سے کینسر (امیون سسٹم ڈس آرڈر) جیسے موذی مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے شہر نئی دہلی کے ایک مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ وہ اپنی 39 ویں سالگرہ سے محض ایک دن قبل زندگی کی بازی ہار گئے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق حتمی اعلان اہلخانہ کی مشاورت اور فیصلے کے بعد جلد کیا جائے گا۔
چھ فٹ سے زائد طویل قامت کے حامل شہپور زدران اپنی تیز رفتار باؤلنگ، جارحانہ انداز اور لمبے لہراتے بالوں کی وجہ سے شائقینِ کرکٹ میں خاصے مقبول تھے۔ انہوں نے بطور مہاجر پاکستان کے شہر پشاور سے اپنی کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے 2009 سے 2020 کے درمیان افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 44 ایک روزہ (ODI) اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ سال 2015 کے ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف افغانستان کو تاریخی پہلی کامیابی دلانے میں انہوں نے ہی وننگ شاٹ کھیلا تھا۔ ان کے انتقال پر دنیا بھر کے کرکٹرز اور مداحوں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے